i بین اقوامی

امریکی سینیٹ کی ترکیہ کو ایف 16لڑاکا طیاروں کی فروخت روکنے کی کوشش مستردتازترین

March 01, 2024

امریکی سینیٹ نے ترکی کو ایف-16لڑاکا طیاروں اور جدت کاری کٹس کی 23بلین ڈالر کی فروخت کو روکنے کی کوشش ناکام بنا دی جسے ترکی کی جانب سے سویڈن کی نیٹو اتحاد میں شمولیت کی منظوری کے بعد صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے منظور کر لیا۔سینیٹ نے ریپبلکن سینیٹر رینڈ پال کی طرف سے پیش کردہ فروخت کی نامنظوری کی قرارداد کے خلاف 79کے مقابلے میں 13ووٹ دیئے۔ووٹنگ سے پہلے پال نے ترک حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فروخت کی اجازت دینے سے اس کی "بد سلوکی" کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ فروخت کے حامی کہتے تھے کہ واشنگٹن کے لیے نیٹو کے اتحادی کے سامنے اپنے الفاظ پر قائم رہنا ضروری تھا۔انقرہ کی جانب سے سویڈن کی نیٹو کی رکنیت کی مکمل توثیق کے ایک دن بعد بائیڈن انتظامیہ نے 26جنوری کو ترکی کو 40لاک ہیڈ مارٹن ایف-16اور تقریبا 80جدت کاری کٹس کی فروخت کے ساتھ آگے بڑھنے کے ارادے سے کانگریس کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا،ترکی کی جانب سے سویڈن کے فوجی اتحاد میں شمولیت کی منظوری دینے سے انکار سمیت کئی مسائل کی وجہ سے یہ فروخت مہینوں سے رکی ہوئی تھی۔ ترکی نے سب سے پہلے اکتوبر 2021میں خریداری کرنے کو کہا تھا۔یو ایس آرمز ایکسپورٹ کنٹرول ایکٹ کانگریس کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ سینیٹ اور ایوان نمائندگان دونوں میں نامنظوری کی قرارداد منظور کرکے ہتھیاروں کی بڑی فروخت کو روک سکے۔ اگرچہ یہ قانون نصف صدی سے نافذ العمل ہے لیکن ایسی کوئی بھی قرارداد کانگریس نے منظور نہیں کی اور صدارتی ویٹو سے بچ گیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی