امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے صدر ٹرمپ کو ایران پر حملے سے روکنے کے لیے بل پیش کر دیا جبکہ انہوں نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کا ذمہ دار اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کو قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ امریکا کو اس جنگ میں کسی بھی صورت ملوث نہیں ہونا چاہیے ۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے ایک نیا بل "نو وار اگینسٹ ایران ایکٹ" متعارف کرایا ہے جس کا مقصد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران پر فوجی حملہ کرنے سے روکنا ہے جب تک کہ اس کی واضح منظوری کانگریس سے نہ لی جائے۔امریکی سینیٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ نیتن یاہو کے غیرذمہ دارانہ اور غیرقانونی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اور پورے خطے میں جنگ بھڑکنے کا خطرہ پیدا کر رہے ہیں۔ کانگریس کو واضح پیغام دینا ہوگا کہ امریکا نیتن یاہو کی پسند کی اس جنگ میں شامل نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے بانی رہنماں نے جنگ اور امن کا اختیار صرف عوام کے منتخب نمائندوں کو دیا تھا۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم واضح کریں کہ صدر کو کسی نئی، مہنگی جنگ شروع کرنے کا کوئی اختیار حاصل نہیں جب تک کہ کانگریس اس کی صریح اجازت نہ دے۔
اگرچہ اس بل کو ڈیموکریٹک پارٹی کے متعدد سینیٹرز، بشمول میساچوسٹس کی سینیٹر الزبتھ وارن کی حمایت حاصل ہے لیکن اس کے قانون بننے کے امکانات کم ہیں کیونکہ ریپبلکن جماعت سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان دونوں پر قابض ہے جبکہ صدر ٹرمپ کو موصول ہونے والے قانون سازی کو ویٹو کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ دریں اثناء سینیٹر سینڈرز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا کہ نتن یاہو نے یہ جنگ ایران پر حملہ کر کے شروع کی۔ نیتن یاہو نے علی شمخانی کو قتل کرنے کے بعد جان بوجھ کر امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کو سبوتاژ کیا۔برنی سینڈرزنے مزید کہا کہ امریکا کو کسی نئی اور غیر قانونی جنگ میں نہ فوجی طور پر اور نہ مالی طور پر گھسیٹا جانا چاہیے، خاص طور پر نیتن یاہو کی شروع کی گئی جنگ میں۔برنی سینڈرز کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطی میں تنا بڑھتا جا رہا ہے اور عالمی برادری اس ممکنہ جنگ کے پھیلا پر تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی