i بین اقوامی

اسرائیل 30برس سے ناکام ہے، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کو تیار ہیں، برطانوی وزیر خارجہتازترین

January 31, 2024

برطانیہ نے فلسطینی ریاست کو قبول کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ لارڈ کیمرون نے کہا ہے کہ برطانیہ اس لمحے کی طرف تیزی سے بڑھنے کو تیار ہے جب فلسطینی ریاست کو مکمل قبولیت دی جائے گی۔لارڈ کیمرون نے کہا کہ فلسطینیوں کو سیاسی افق پر نمودار ہونے کا موقع دیا جانا چاہیے تاکہ مشرقِ وسطی میں امن کی راہ ہموار ہو، 30سال سے ناکامیوں کی کہانی چل رہی ہے۔ اسرائیل اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ویسٹ منسٹر میں کنزرویٹو مڈل ایسٹ کونسل کے تحت منعقدہ استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے لارڈ کیمرون نے کہا کہ فلسطینی ریاست کیسی ہوگی اس کے تعین کی ذمہ داری برطانیہ پر بھی عائد ہوتی ہے۔ فلسطینی عوام کو اس بات کا موقع دیا جانا چاہیے کہ وہ دو ریاستوں کے نظریے کی طرف تیزی سے بڑھیں۔ ہم اپنے اتحادیوں سے مشاورت کے ذریعے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے امکان کا جائزہ لیں گے۔لارڈ کیمرون نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ غزہ کے لیے بین الاقوامی امداد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرے۔ حقیقی امن اور ترقی کی راہ اس وقت ہموار ہوگی جب اسرائیل اپنی ناکامی تسلیم اور قبول کرے گا،لارڈ کیمرون نے کہا کہ غزہ کا نظم و نسق بہتر طور پر سنبھالنے کے لیے نئی فلسطینی اتھارٹی کا قیام بھی لازم ہے جس میں ٹیکنوکریٹس اور اچھے قائدین شامل ہوں۔ اسرائیل کے تمام مغویوں کی رہائی کے ساتھ ساتھ یہ یقین دہانی بھی لازم ہے کہ حماس کی طرف سے اسرائیل پر حملے روک دیے جائیں گے۔ لارڈ کیمرون کا کہنا ہے کہ یہ ڈیل مشکل ضرور ہے تاہم ناممکن نہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی