امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیل ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔امریکی ٹی وی نے کئی امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکا کو حاصل ہونے والی نئی انٹیلی جنس معلومات کے مطابق اسرائیل ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی تیاری کر رہا ہے۔امریکی حکام کے مطابق یہ واضح نہیں کہ اسرائیلی رہنماں نے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے کا حتمی فیصلہ کیا یا نہیں۔امریکی نیشنل سکیورٹی کونسل نے اس معاملے پر فوری تبصرہ نہیں کیا۔اس کے علاوہ امریکا میں موجود اسرائیلی سفارتخانے اور اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے بھی فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔اس سے قبل ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خدشہ ظاہر کیا کہ امریکا سے جوہری مذاکرات کا کوئی نتیجہ نکلنے کا امکان نہیں ہے۔واضح رہے کہ ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان یورینیم افزودگی کے معاملے پر تنازع جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی