i بین اقوامی

اسرائیل کی عبوری جنگ بندی کی پیش کش مسترد ،حماس کی غزہ جنگ کے خاتمے اور قید فلسطینیوں کے بدلے تمام یرغمالی رہائی کیلئے رضامندتازترین

April 18, 2025

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ایک اعلی عہدیدار نے اسرائیل کی عبوری جنگ بندی کی پیش کش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس غزہ میں تنازع کے خاتمے اور اسرائیل میں قید فلسطینیوں کے بدلے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کے تبادلے کے لیے ایک جامع معاہدہ چاہتی ہے۔ عرب ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایک تقریر میں گروپ کے غزہ کے سربراہ خلیل الحیا، جو اس کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ ہیں، نے کہا کہ گروپ اب عبوری معاہدوں پر راضی نہیں ہوگا، واضح رہے کہ یہ ایک ایسا موقف ہے جسے اسرائیل قبول نہیں کرے گا اور ممکنہ طور پر حالیہ ہفتوں میں دوبارہ شروع ہونے والے تباہ کن حملوں کے خاتمے میں مزید تاخیر کا باعث بنے گا۔خلیل الحیا نے کہا کہ حماس غزہ تنازع کے خاتمے، اسرائیل کی جانب سے جیلوں میں قید فلسطینیوں کی رہائی اور غزہ کی تعمیر نو کے بدلے اپنی تحویل میں موجود باقی تمام یرغمالیوں کی رہائی کے لیے فوری طور پر جامع پیکیج مذاکرات میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔

خلیل الحیا نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو اور ان کی حکومت جزوی معاہدوں کو اپنے سیاسی ایجنڈے کی آڑ کے طور پر استعمال کرتے ہیں، جس کی بنیاد تباہی اور بھوک کی جنگ کو جاری رکھنے پر ہے، بھلے ہی اس کی قیمت ان کے تمام قیدیوں (یرغمالیوں ) کی قربانی کیوں نہ ہو، ہم اس پالیسی کو پاس کرنے کا حصہ نہیں بنیں گے۔غزہ کے شہری دفاع کے ادارے نے کہا ہے کہ جنوبی شہر خان یونس کے قریب رات بھر اسرائیلی حملے میں 10 افراد شہید ہوگئے۔ترجمان محمود باسل نے ٹیلی گرام پر بتایا کہ ہمارے عملے نے خان یونس کے مشرق میں بنی سہیلہ کے علاقے میں اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے نشانہ بنائے گئے برکا خاندان کی رہائشگاہ اور قریبی گھروں سے 10 شہیدوں کی لاشیں اور بڑی تعداد میں زخمی وں کو برآمد کیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی