i بین اقوامی

اسرائیل کو صلاح الدین محور پر کنٹرول نہیں کرنے دیں گے،مصرتازترین

January 16, 2024

مصر نے اسرائیل کو مصر اور غزہ کی پٹی کے درمیان صلاح الدین سرحدی محور کو کنٹرول کرنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق مصری سیکورٹی حکام نے کہا ہے کہ غزہ کے ساتھ سرحد کو کنٹرول کرنا مصر کی ذمہ داری ہے، ہم کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دیتے، دونوں ملکوں کے درمیان امن معاہدہ اسرائیل کو صلاح الدین "فلاڈیلفیا" کے محور میں کسی بھی فوجی نقل و حرکت سے روکتا ہے۔انہوں نے سرحد پار سے غزہ کی پٹی میں ہتھیاروں کی سمگلنگ کے الزامات کی بھی تردید کی،مصری اہلکارنے اس بات کی بھی تردید کی کہ فلاڈیلفیا کے محور پر نئے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اسرائیل کے ساتھ ہم آہنگی پائی جاتی ہے،انہوں نے اس حوالے سے بین الاقوامی میڈیا میں آنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ صلاح الدین محور جسے "فلاڈیلفیا ایکسس" کہا جاتا ہے غزہ کی پٹی کے اندر شمال میں بحیرہ روم سے لے کر جنوب میں کارم شالوم کراسنگ تک مصر کی سرحد کے ساتھ پھیلا ہوا ہے جس کی لمبائی تقریبا 14کلومیٹر ہے۔امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے ہفتے کے روز اسرائیلی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے مصر کو جلد ہی فلاڈیلفیا کے محور کو کنٹرول کرنے کے اپنے منصوبے سے آگاہ کر دیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی