فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر بمباری کرکے اپنے ہی 7 قیدیوں کو ہلاک کر دیا۔ حماس کے مطابق ان قیدیوں کی ہلاکت کا اعلان چند ہفتوں سے جاری تحقیقات کے بعد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں مزیدشدت آگئی ہے، خوفناک بمباری میں مزید درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کا کہنا ہے کہ غزہ پر جاری بے رحمانہ بمباری کے دوران بھوک وپیاس کے شکار فلسطینی خوراک اور پانی کے حصول کیلئے اپنی جانیں خطروں میں ڈال رہے ہیں۔ جنوبی افریقا، برازیل اور فلسطینی وزارت خارجہ نے غزہ میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کی ہے جبکہ بھارت نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جنوبی افریقا نے حملے کو عالمی عدالت انصاف کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے جبکہ فلسطینی وزارت خارجہ نے امدا د کے متلاشی فلسطینیوں پر حملہ کرنے پر اسرائیل کیخلاف عالمی پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی