فلسطینی وزارت خارجہ نے مغربی کنارے میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج خطے میں رمضان المبارک کے باوجود کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔پچھلے 24گھنٹوں میں بچوں سمیت 6فلسطینی مغربی علاقے میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل ہوئے ہیں۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے ان واقعات کو انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم سے تشبیہ دی ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق ان جرائم سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کی ہدایات سیاسی و فوجی سطح پر دی گئی تھیں۔ جن کی بنیاد پر اسرائیلی فوجی اور یہودی آبادکار مغربی کنارے میں لوگوں پر حملے کر رہے ہیں۔ اس کشیدگی کے بڑھاوے میں دائیں بازو کے انتہا پسندوں کی مخلوط حکومت کا کردار بہت نمایاں ہے۔فلسطینی وزارت خارجہ نے اسرائیلی فوج کی مسلسل کارروائیوں کی مذمت کی اور بین الاقوامی برادری کی طرف سے چشم پوشی ان اسرائیلی کارروائیوں میں اضافے کا باعث قرار دیا۔ اطلاعات کے مطابق شعفاط پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوجی حملے کے دوران ایک بچہ بھی زخمی ہوا ہے۔ بچے کی عمر 12سال بتائی گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی