i بین اقوامی

اسرائیلی جارحیت میں شدت، غزہ میں مزید فوجی دستے داخل، تازہ کارروائیوں میں 68 فلسطینی شہیدتازترین

September 22, 2025

اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں مزید فوجی دستے داخل کرتے ہوئے رہائشی عمارتوں، پناہ گزین اسکولوں اور خیموں پر حملے تیز کردئیے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ 3 مختلف ڈویژنز غزہ سٹی میں پیش قدمی کر چکی ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں حملے جاری ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج نے تازہ حملوں میں شاتی پناہ گزین کیمپ سمیت مختلف رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں مزید 68 فلسطینی شہید ہوگئے، خان یونس میں امداد کے منتظر 3 فلسطینی بھی اسرائیلی فوج کی دہشت گردی کا نشانہ بنے۔دوسری جانب چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا کہنا ہے کہ چین غزہ میں جنگ بندی اور جنگ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ 2 برسوں سے جاری غزہ جنگ نے بے مثال انسانی المیے کو جنم دیا ہے، بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتی اسرائیلی کارروائیاں دو ریاستی حل کو خطرے میں ڈال رہی ہیں اور مشرق وسطی کے استحکام کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔

وانگ یی کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کیلئے عالمی برادری کو 3 ناگزیر اقدامات پر عمل کرنا چاہیے جس میں غزہ میں فوری جامع جنگ بندی، فلسطینیوں کی اپنے علاقے پر حکمرانی اور 2 ریاستی حل کو مضبوطی سے قائم رکھنا شامل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری 2 ریاستی حل کے تحت فلسطین کی اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کی حمایت بھی کرے۔ ادھر فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ اسرائیل کی حماس کے خلاف حکمت عملی ناکام ہوگئی۔امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں فرانسیسی صدر نے کہا کہ اسرائیل نے حماس کے کئی رہنما قتل کئے لیکن پھر بھی اسے ختم نہ کرسکی، حماس کے کئی جنگجو مارے گئے، حماس نے اتنے ہی بھرتی کرلئے۔ایمانویل میکرون کا کہنا تھا کہ اب بھی حماس کے پاس اتنے ہی جنگجو ہیں جتنے شروع میں تھے، حماس کو ختم کرنا جنگ کے خاتمے کا حل نہیں، غزہ جنگ اسرائیل کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی