بھارتی ریاست کرناٹک کی شیموگا سینٹرل جیل میں موجود ایک قیدی کے پیٹ سے موبائل فون برآمد ہوا، جس نے جیل کی سیکیورٹی پر سنجیدہ سوالات اٹھا دئیے ۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جیل حکام نے اچانک سرچ آپریشن کا آغاز کیا، دولت نامی 30 سالہ قیدی ایک فوجداری مقدمے میں 10 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے، اس نے چھاپے کے فورا بعد شدید پیٹ درد کی شکایت کی۔جیل حکام کے مطابق اسے فوری طور پر شیموگا کے میک گین سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایکس رے رپورٹ میں اس کے پیٹ میں موبائل فون کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔قیدی کی رضامندی کے بعد ڈاکٹروں نے کامیاب سرجری کی اور ایک موبائل فون برآمد کیا، جس کا سائز تقریبا ایک انچ چوڑا اور 3 انچ لمبا تھا، موبائل فون کو بعد ازاں سیل کر کے جیل حکام کے حوالے کر دیا گیا۔اس واقعے نے جیل کے سیکیورٹی انتظامات پر سنگین خدشات پیدا کر دئیے ہیں، ایک قیدی کے پیٹ میں فون پہنچ جانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جیل کے اندر ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ ممکنہ طور پر اندرونی تعاون سے ہو رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فون قیدی کے جسم میں کس طریقے سے پہنچا اور آیا اس میں جیل کے عملے کی شمولیت تو نہیں تھی؟
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی