بھارتی حکام نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران 3 طیاروں کے گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔امریکی میڈیا کو انٹرویو میں بھارتی سکیورٹی آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 3 طیارے گر کر تباہ ہوئے ہیں لیکن ان کی وجوہات ابھی واضح نہیں۔دوسری جانب معروف امریکی جریدے کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ ایک طیارہ بھارتی پنجاب میں اور ایک مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا۔امریکی جریدے کا کہناہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تباہ شدہ طیارے کے فیول ٹینک پر تجزیے میں سامنے آیا کہ یہ رافیل یا میراج طیارہ تھا ، لیکن طیارے کے تباہ شدہ فیول ٹینک سے یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ ٹینک کسی ایسے طیارے کا تھا جو دشمن کی فائرنگ سے نشانہ بنا ہو۔ اس سے قبل بھارتی اخبار نے پاک فضائیہ کے ہاتھوں 3 بھارتی جنگی طیاروں کے مار گرائے جانے کی تصدیق کی تھی۔بھارتی روزنامہ "دی ہندو" نے باضابطہ طور پر یہ خبر اپنے سوشل میڈیا ہینڈل پر گرے ہوئے طیاروں کی تصاویر کے ساتھ شیئر کی تاہم کچھ دیر بعد یہ خبر ہٹالی۔ خیال رہے کہ فرانس کے ایک اعلی انٹیلیجنس اہلکار نے امریکی میڈیا کو تصدیق کی ہے کہ پاکستان نے بھارتی فضائیہ کا ایک رافیل لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔فرانسیسی اہلکار کے مطابق فرانسیسی حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا پاکستان نے واقعی ایک سے زائد رافیل طیارے مار گرائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی