بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی دو روزہ سرکاری دورے پر قبرص پہنچ گئے جہاں قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولیڈس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ایک پیغام میں انھیں خوش آمدید کہتے ہوئے اسے ایک تاریخی دورہ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سٹریٹجک شراکت داری کا ایک نیا باب ہے جس کی کوئی حد نہیں ہے۔ قبرص کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہم ایک ساتھ مل کر آگے بڑھنے اور مزید ترقی کا اعادہ کرتے ہیں۔دوسری جانب نریندی مودی نے اس دورے کی تصاویر اپنے ایکس اکاونٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ یہ دورہ انڈیا اور قبرص کے درمیان تعلقات خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں تیزی لائے گا۔ انڈیا کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے وزیرِ اعظم مودی کے غیر ملکی دوروں کے بارے میں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نریندر مودی کو دورے کی دعوت قبرص کے صدر نیکوس کرسٹوڈولیڈس نے دی تھی۔ بیان کے مطابق، دو دہائیوں میں کسی بھی انڈین وزیرِ اعظم کا قبرص کا یہ پہلا دورہ ہے۔وزارت خارجہ کے مطابق نیکوسیا میں وزیرِ اعظم مودی قبرص کے صدر سے ملاقات کریں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے سے نہ صرف دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی توثیق ہوگی بلکہ یورپی یونین کے ساتھ انڈیا کے تعلقات کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔اس دورے کے بعد انڈیا کے وزیرِ اعظم 16 اور 17 جون کو کینیڈا میں ہونے والی جی سیون G-7 کانفرنس میں شرکت کرنے جائیں گے۔اپنے غیر ملکی دورے کے آخری مرحلے میں وزیرِ اعظم مودی 18 جون کو کروشیا کا دورہ کریں گے۔
یہ کسی بھی انڈیا کے وزیر اعظم کا کروشیا کا پہلا دورہ ہوگا۔یاد رہے کہ نریندر مودی ایک ایسے وقت میں قبرص کا دورہ کر رہے ہیں جب انڈیا اور قبرص کے پڑوسی ملک ترکی کے درمیان تعلقات کافی کشیدہ ہیں ۔ بھارتی خبررساںادارے سے بات کرتے ہوئے قبرص میں انڈیا کے ہائی کمشنر منیش کا کہنا تھا کہ برسوں سے انڈین شہری اس چھوٹے سے جزیرے پر آ رہے ہیں۔ وہ تمام شعبوں میں کام کر رہے ہیں جن میں شپنگ اور آئی ٹی کے شعبے سب سے نمایاں ہیں۔ان کے مطابق تقریبا 11,500 انڈین قبرص میں آباد ہیں۔یہاں انڈیا اور انڈین شہریوں کا بہت احترام کیا جاتا ہے۔ یہاں انڈین ثقافت بھی بہت مشہور ہے۔ وزیر اعظم مودی کا دورہ ہمارے تعلقات کی حوصلہ افزائی کرے گا اور اسے مضبوط بنائے گا۔انھوں نے دعوی کیا کہ قبرص کئی معاملات پر انڈیا کی حمایت کرتا آیا ہے۔جب ان سے سوال پوچھا گیا کہ کیا قبرص اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں انڈیا کے دعوے کی حمایت کرتا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ اس بارے میں پہلے بھی بات کی جا چکی ہے۔ گذشتہ دوروں اور مشترکہ بیانات میں بھی اس پر زور دیا گیا ہے اور دہرایا گیا ہے۔بین الاقوامی دہشت گردی یا سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہمیں ان کی حمایت حاصل ہے۔انڈیا کے سفارت کار کا مزید کہنا تھا کہ قبرص یورپی یونین میں انڈیا کا ایک اچھا دوست ہے۔ قبرص یکم جنوری 2026 سے یورپی یونین کی صدارت سنبھالے گا۔ انڈیا اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے کام جاری ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی