i بین اقوامی

بھارتی وزیراعظم مودی کے دورے کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتالتازترین

March 07, 2024

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے دورے کے خلاف وادی بھر میں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کشمیری سراپا احتجاج ہیں ۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے موقع پر لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف کشمیری سراپا احتجاج ہیں ، سری نگر کے تمام علاقوں میں کاروبار بند ہے اور سڑکیں سنسان ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج اور پولیس نے وادی میں مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کرکے 700سے زائد نہتے معصوم کشمیریوں کو گرفتار کر لیا، سری نگر اور ملحقہ علاقوں میں بھارتی فوج کی اضافی نفری بھی تعینات ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر کی جانے والی ہڑتال کا مقصد علاقے پر بھارت کے غیرقانونی قبضے اور ہندوتوا ایجنڈے کے نفاذ کے خلاف احتجاج اور تنازع کشمیر کے حل کے مطالبے پر زور دینا ہے۔علاوہ ازیں دارالحکومت مظفرآباد میں پریس کلب کے سامنے مظاہرین نے نریندر مودی کے خلاف نعرے لگائے ، شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بینرز اٹھا رکھے تھے ، مظاہرین کاکہناتھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگین ہیں ، دنیا بھارتی ریاستی دہشت گردی اور مودی کے عزائم کا نوٹس لے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔واضح رہے کہ آرٹیکل 373کی منسوخی کے بعد نریندر مودی جموں و کشمیر کے اپنے پہلے دورے پر سری نگر پہنچیں گے جہاں وہ وکست بھارت، وکست جموں کشمیر ایونٹ میں شرکت کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی