بنگلادیش کی عبوری حکومت کی جانب سے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی پارٹی عوامی لیگ پر پابندی عائد ہونے کے بعد بنگلادیش کے الیکشن کمیشن نے پارٹی کی رجسٹریشن کو بھی معطل کردیا۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے سیکریٹری اختر احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے عوامی لیگ اور اس سے منسلک تنظیموں کی تمام سرگرمیوں پر پابندی کے بعد الیکشن کمیشن نے پارٹی کی رجسٹریشن کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے عوامی لیگ کی رجسٹریشن معطل ہونے کا مطلب یہ ہے کہ اب 20 سال سے زائد عرصے تک ملک پر حکمرانی کرنے والی عوامی لیگ عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتی کیونکہ بنگلادیش کے انتخابی قوانین کے تحت کسی بھی پارٹی کا عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن نے عوامی لیگ اور اس سے وابستہ افراد کو انسداد دہشت گردی قانون کے تحت دائر مقدمے کی سماعت مکمل ہونے تک کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیاں کرنے سے روک دیا ہے۔ اب عوامی لیگ عام انتخابات میں صرف تب ہی حصہ لے سکتی ہے جب اس پر عبوری حکومت کی جانب سے عائد پابندی اٹھالی جائے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے پارٹی کی رجسٹریشن دوبارہ بحال کی جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی