i بین اقوامی

بوئنگ طیاروں کا معائنہ مکمل، فیول کنٹرول سوئچز میں کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا، ایئر انڈیاتازترین

July 23, 2025

بھارتی فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے کہا ہے کہ تمام بوئنگ طیاروں کے فیول کنٹرول سوئچز کا معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے اور کوئی مسئلہ سامنے نہیں آیا۔غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایئر لائن نے جاری بیان میں کہا ہے کہ تمام جہازوں کا معائنہ کیا گیا ہے اور فیول کنٹرول سوئچ کے لاکنگ کے طریقہ کار میں کوئی مسئلہ نظر نہیں آیا۔ایئر انڈیا کے بوئنگ طیارے ڈریم لائنر 787 کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ طیارے کے دونوں انجنوں تک ایندھن کی ترسیل کنٹرول کرنے والے سوئچز بند ہو گئے تھے جو پرواز کے فورا بعد ہی طیارے کے گرنے کی وجہ بنے۔ ڈریم لائنز 787 گزشتہ ماہ 12 جون کو احمد آباد ایئر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں سوار 242 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ایک مسافر معجزاتی طور پر زندہ بچ گیا تھا۔دوسری جانب امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا تھا کہ جہاز کے فیول کنٹرول سوئچز 56 سالہ کیپٹن نے بند کیے تھے۔

طیارہ حادثے کی انڈین رپورٹ کا جائزہ لینے والے امریکی عہدیداروں سے واقف افراد نے وال سٹریٹ جرنل کو بتایا تھا کہ دو پائلٹس کے درمیان کاک پٹ میں ہونے والی بات چیت کی ریکارڈنگ سے معلوم ہوتا ہے کہ جہاز کے دونوں اینجنز تک ایندھن کی ترسیل کو کنٹرول کرنے والے سوئچز کو کیپٹن نے بند کر دیا تھا۔رپورٹ کے مطابق بوئنگ طیارے 787 ڈریم لائنر کے رن وے سے ٹیک آف کے دوران فرسٹ آفیسر پائلٹ نے زیادہ تجربہ کار کیپٹن سے پوچھا کہ انہوں نے سوئچ کو کٹ آف پوزیشن پر کیوں کر دیا۔رپورٹ کے مطابق فرسٹ آفیسر پائلٹ نے حیرت کا اظہار کیا اور پھر گھبرا گئے جبکہ ریکارڈنگ سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کیپٹن نے اس سوال پر کسی قسم کی پریشانی ظاہر نہیں کی بلکہ پرسکون رہے۔ گزشتہ ہفتے انڈین ایوی ایشن ریگولیٹر نے تمام ایئر لائنز کو بوئنگ طیاروں کے مختلف ماڈلز کے فیول کنٹرول سوئچز کا معائنہ کرنے اور 21 جولائی تک رپورٹ جمع کروانے کا کہا تھا۔ایئر انڈیا کے بیڑے میں 33 ڈریم لائنرز موجود ہیں جبکہ ایئر انڈیا ایکسپریس کے پاس 75 بوئنگ 737 طیارے موجود ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی