i بین اقوامی

برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا نمائشی اقدام ہے،امریکاتازترین

September 22, 2025

امریکا نے مختلف مغربی ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلانات کو نمائشی اقدام قرار دیدیا۔امریکی محکمہ خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی ترجیح سنجیدہ سفارت کاری ہے نمائشی اعلانات نہیں، امن، اسرائیل کی سکیورٹی اور یرغمالیوں کی رہائی ہماری ترجیح ہے۔محکمہ خارجہ نے کہا کہ خطے میں امن و خوشحالی صرف حماس کے بغیر ممکن ہے جب کہ برطانیہ، آسٹریلیا،کینیڈا اور دیگرکافلسطینی ریاست کو تسلیم کرنامحض نمائشی اقدام ہے۔یاد رہے کہ برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد پرتگال نے بھی فلسطین کو باضابطہ طور پر خود مختار ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ہے جب کہ آئندہ دنوں میں مزید ممالک کی جانب سے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کیے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے اتوار کو برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کی جانب سے فلسطینی ریاست کو یکطرفہ تسلیم کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے بھی ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی فلسطینی ریاست نہیں بنے گی، مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری کے اقدامات جاری رکھیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی