i بین اقوامی

برطانیہ، ٹرمپ کے دورے کے خلاف ونڈسر کیسل پر مظاہرہ، 4 افراد گرفتارتازترین

September 18, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آمد کے خلاف وسطی لندن میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سرکاری دورہ برطانیہ کے موقع پر دارالحکومت لندن اور ونڈسر کیسل میں شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آیا۔ ونڈسر قلعے کی دیواروں پر ٹرمپ، ان کے سابق دوست شہزادہ اینڈریو اور جنسی جرائم میں ملوث جیفری ایپسٹین کی تصاویر اور ویڈیوز پروجیکٹر کے ذریعے دکھائی گئیں، جس کے بعد پولیس نے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صدر ٹرمپ اپنے دوسرے ریاستی دورے پر برطانیہ پہنچے، جہاں ان کا استقبال شاہ چارلس کی جانب سے ونڈسر کیسل میں ہونا تھا۔ مظاہرین نے اس موقع کو استعمال کرتے ہوئے نہ صرف تصویری پروجیکشن کی، بلکہ ہزاروں افراد نے پورٹلینڈ پلیس سے لے کر پارلیمنٹ اسکوائر تک مارچ کیا اور ٹرمپ مخالف نعرے لگائے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق، مظاہرین نے ونڈسر کیسل کی ایک دیوار پر بڑی اسکرین کے ذریعے وہ متنازع تصاویر اور ویڈیوز دکھائیں، جن میں ٹرمپ اور ایپسٹین کے ماضی کے تعلقات کی جھلکیاں شامل تھیں۔ اس دوران شہزادہ اینڈریو کی وہ تصاویر بھی دکھائی گئیں، جنہیں ماضی میں میڈیا میں جنسی ہراسانی کے تناظر میں تنقید کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔پولیس نے واقعے کو غیر مجاز پروجیکشن اور عوامی اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے چار افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔صدر ٹرمپ کے اس دورے کے دوران امریکہ اور برطانیہ کے درمیان سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے معاہدے متوقع ہیں، تاہم اس واقعے نے ان کے دورے کو ایک سیاسی اور عوامی تنقید کے ماحول میں لپیٹ دیا ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ مظاہرین کا یہ پیغام واضح ہے: جنسی جرائم میں ملوث شخصیات کے ساتھ تعلقات رکھنے والوں کو عوامی احتساب کا سامنا کرنا ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی