چین نے 14 ویں 5 سالہ منصوبے (2025-2021) کے دوران روایتی چینی ادویات کی ترقی میں معاونت کے لئے نئے تیار کردہ منصوبے پر عملدرآمد کا خاکہ جاری کردیا ہے۔ریاستی کونسل کے جنرل آفس سے جاری کردہ اس منصوبے کا مقصد روایتی چینی ادویات کے فوائد کو مکمل اہمیت دینا، بیماریوں کی روک تھام اور علاج کے لیے روایتی چینی ادویات کی صلاحیت میں اضافہ کرنا اور اس کی سائنسی تحقیق کو فروغ دینا ہے۔منصوبے کے تحت روایتی چینی ادویات صحت خدمات کی اعلی معیار کی ترقی، ہنرمندوں کی تربیت ، ثقافتی تشہیر، اس کی وراثت، اختراع اور جدیدیت جیسے شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بڑے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔منصوبے کے تحت روایتی چینی ادویات 2025 تک صحت مند چین کی تعمیر میں ایک اہم ستون بن جا ئیں گی جس سے روایتی چینی ادویات کا معیار بڑھے گا اور بین الاقوامی اثرورسوخ ، سائنسی اور تکنیکی اختراع کی صلاحیت میں بہتری آئے گی۔منصوبے میں روایتی چینی ادویات کی ترقی میں متنوع سرمایہ کاری کے لئے ایک مضبوط اور مستحکم میکانزم کے قیام اور بڑے منصوبوں کی کڑی نگرانی اور تشخیص کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی