دبئی پولیس نے رمضان کے دوران "ایک باشعور معاشرہ، بھکاریوں سے پاک" مہم کے تحت 10 غیر قانونی دوکانداروں کو گرفتار کرلیا۔دبئی پولیس کے مطابق گرفتار افراد بغیر لائسنس کے عوامی مقامات پر کھانے پینے کی اشیا فروخت کر رہے تھے، جو صحت کے اصولوں اور عوامی سلامتی کے خلاف ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ افراد غیر قانونی طور پر لیبر کیمپوں کے قریب کھانے کی اشیا فروخت کر کے عوام کو راغب کرتے تھے، لیکن ان کے پکوان غیر صحت مند حالات میں تیار کیے گئے تھے، جو بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔دبئی پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر قانونی فروشوں سے سامان خریدنے سے گریز کریں اور ان کی اطلاع 901 کال سینٹر یا پولیس ایپ کے پولیس آئی سروس کے ذریعے دیں۔دبئی پولیس نے رمضان کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے گشت اور نگرانی میں اضافہ کیا ہے تاکہ عوامی صحت اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی