فرانس کی خاتون اول نے دورہ برطانیہ کے آغاز پر شوہر صدر ایمانول میکرون کا ہاتھ نہ تھام کر جوڑے کے درمیان خلش کی خبروں کو ایک بار پھر تقویت دے دی۔فرانسیسی صدر اہلیہ کے ہمراہ 3 روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچے جہاں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے فرانسیسی صدر اور ان کی اہلیہ کا استقبال کیا۔لندن پہنچنے پر پہلے صدر میکرون طیارے سے اترے اور جب خاتون اول باہر آئیں تو سیڑھیوں پر فرانسیسی صدر نے اہلیہ کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا تاہم خاتون اول نے ہاتھ پکڑنے سے گریز کیا۔اس واقعے کے بعد جوڑے کے درمیان خلش کی خبروں کو ایک بار پھر تقویت مل گئی ہے۔چند ہی گھنٹوں بعد صدر میکرون اس وقت پھر سرخیوں کی زینت بنے جب بادشاہ چارلس سے ملاقات کے بعد صدر میکرون کا قافلہ ونزر کاسل سے روانہ ہوا تو ایک گاڑی کا دروازہ اور پچھلا حصہ کھلا رہ گیا اور ڈرائیور نے گاڑی دوڑا دی اور گاڑی سے دو بیگ نیچے جاگرے۔
گاڑی کے پیچھے موجود اہلکار بھاگ کر گاڑی رکوانے کی کوشش کرتا رہا ، بھیڑچال میں دوسری گاڑی کے ڈرائیور نے بھی ریس پر پاں رکھ دیا اور یہ نہیں دیکھا کہ اس کی گاڑی کا دروازہ بھی بند نہیں تھا۔یاد رہے کہ مئی میں ویتنام پہنچنے پر فرانسیسی صدر کے طیارے کا دروازہ کھلا تو صدر میکرون کے منہ پر پڑتے اہلیہ کے ہاتھ نے کیمروں کی توجہ کھینچ لی تھی جس کے بعد فرانسیسی صدر نے فورا کیمروں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی جس میں کہا گیا تھا کہ فرانسیسی خاتون اول نے فرانسیسی صدر کو تھپڑ مارا ہے۔ جہاز سے اترتے ہوئے صدر میکرون نے بازو آگے بڑھایا تو ان کی اہلیہ نے ان کا بازو بھی نہیں تھاما تھا۔واقعے کے بعد فرانسیسی صدر میکرون نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اہلیہ کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں تکرار بلکہ مذاق کر رہے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی