امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر امیدظاہر کی ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے اگلے ہفتے معاملات طے پائیں گے جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی حملوں سے مقابلے کیلئے یوکرین کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کلب ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دوحہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہوجانے کے باوجود بھی اگلے ہفتے تک جنگ کے بارے میں پیشرفت کیلئے پرامید ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کے معاملے پر بات کر رہے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ اگلے ہفتے ہم اس کو کافی حد تک حل کرلیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکا یوکرین کو پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹمز فراہم کرے گا تاکہ وہ روسی حملوں کا مقابلہ کر سکے، ہم یوکرین کو پیٹریاٹ دفاعی سسٹم بھیجیں گے، جن کی انہیں اشد ضرورت ہے۔ٹرمپ کے مطابق یہ ہتھیار ایک نئے معاہدے کے تحت یوکرین کو بھیجے جائیں گے، جس کے تحت نیٹو کچھ ہتھیاروں کی قیمت امریکا کو ادا کرے گا، روسی صدر باتیں اچھی کرتے ہیں لیکن بمباری بھی کرتے ہیں، ہمیں یہ رویہ پسند نہیں۔یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یوکرین کو کتنے سسٹمز فراہم کیے جائیں گے، حالانکہ صرف 2 ہفتے قبل امریکا نے یوکرین کو کچھ اسلحہ فراہمی عارضی طور پر معطل کر دی تھی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدر کے قول اور فعل میں تضاد ہے۔امریکی صد ر نے کہا کہ ٹیرف سے گزشتہ ماہ 25 ارب ڈالرز کمائے، یکم اگست سے نئے ٹیرف کے نفاذ کے بعد آمدنی کئی گنا بڑھے گی۔۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی