اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ میں فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کرنے کے لیے الجزائر کی 15رکنی باڈی کے مطالبے پر(آج) منگل کو ووٹنگ کا امکان ہے جسے امریکانے ویٹو کرنے کا عندیہ دیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق الجزائر نے دو ہفتے سے زیادہ عرصہ قبل ایک ابتدائی مسودہ قرارداد پیش کیا جس کے بعد اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈنے کہا کہ قرارداد کا متن جس کا مقصد جنگ میں وقفہ کرنا تھا، حساس مذاکرات کو خطرے میں ڈال سکتا تھا،سفارت کاروں نے بتایا کہ الجزائر نے ہفتے کو درخواست کی کہ کونسل میں منگل کو ووٹنگ کی جائے، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کو منظور کرنے کے لیے اس کے حق میں کم از کم 9ووٹوں کی ضرورت ہے اور امریکا، برطانیہ، فرانس، چین یا روس کی طرف سے کوئی ویٹو نہیں ہونا چاہیے۔تھامس گرین فیلڈ نے کہا کہ امریکا اس مسودہ قرارداد پر کارروائی کی حمایت نہیں کرتا ہے، اگر اسے اسی مسودہ کے مطابق ووٹ کے لیے پیش کیا جائے تو اسے اپنایا نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بات اہم ہے کہ دوسری پارٹیاں اس عمل کو کامیاب ہونے کے بہترین امکانات فراہم کریں، بجائے اس کے کہ وہ ایسے اقدامات کریں جو اسے اور دشمنی کے پائیدار حل کے موقع کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔امریکا روایتی طور پر اپنے اتحادی اسرائیل کو اقوامِ متحدہ کی کارروائی سے بچاتا ہے اور 7اکتوبر سے کونسل کی کارروائی کو پہلے ہی دو بار ویٹو کر چکا ہے۔ لیکن اس نے دو بار ویٹو سے اجتناب کیا ہے جس سے کونسل کے لیے ایسی قراردادیں منظور کرنا ممکن ہوا جن کا مقصد غزہ کے لیے انسانی امداد بڑھانا تھا اور فوری اور توسیع شدہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ میں وقفے کا مطالبہ کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی