i بین اقوامی

غزہ جنگ بندی مجوزہ معاہدہ، حماس نے اپنا جواب ثالثوں کو بھیج دیا،گیند اسرائیل کورٹ میں آگئیتازترین

July 24, 2025

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی کے حوالے سے مجوزہ معاہدے پر اپنا جواب ثالثوں کے حوالے کر دیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حماس نے غزہ میں جنگ بندی سے متعلق امریکی حمایت یافتہ تجاویز پر اپنا باضابطہ جواب ثالثوں(قطر اور مصر)کو بھیج دیا ہے۔فلسطینی عہدیدار نے معاہدے سے متعلق حماس کا جواب ثالثوں کو بھیجنے کی تصدیق کی لیکن فوری طور پر جواب کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قطر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور ثالثین کی جانب سے جنگ کے خاتمے کے لیے نئی تجاویز بھی دی جا رہی ہیں۔رپورٹس کے مطابق تازہ ترین جنگ بندی منصوبہ قطر، مصر اور امریکا کی جانب سے پیش کیا گیا ، جس میں اسرائیلی افواج کے انخلا کی حد اور قیدیوں کے تبادلے کے تناسب پر تجاویز شامل ہیں۔حماس کا کہنا ہے اب جنگ بندی کا دارومدار اسرائیل پر ہے۔دوسری جانب اسرائیلی پارلیمنٹ نے مغربی کنارے میں اسرائیل خودمختاری کی مجوزہ درخواست کی منظوری دے دی۔ حماس نے اسرائیلی پارلیمنٹ کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی