i بین اقوامی

غزہ میں امداد کا داخلہ، سعودی عرب کا عالمی عدالت انصاف کے اقدامات کا خیرمقدمتازترین

March 29, 2024

سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت عالمی عدالت انصاف سے جاری کیے گئے عارضی احتیاطی اقدامات کا خیر مقدم کرتی ہے، جس میں غزہ کی پٹی میں امداد کے داخلے کو بڑھانے اور زمینی گزر گاہوں میں اضافے کے ساتھ امداد کی آمد کو آسان بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا کہ مملکت غزہ میں بحران کو مزید پھیلنے سے بچانے کے لیے فوری انسانی امداد پہنچانے کی تمام کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔ بیان میں سعودی عرب کی جانب سے عالمی برادری سے اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے مزید فوری اقدامات کرنے اور سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کرنے کے مطالبے کی تجدید بھی کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز بین الاقوامی عدالت انصاف کے ججوں نے متفقہ طور پر اسرائیل کو حکم دیا کہ وہ فلسطینی علاقے میں فلسطینی آبادی کے لیے بنیادی خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے اور قحط کے پھیلا کو روکنے کے لیے تمام ضروری اور موثر اقدامات کرے۔ واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ سال 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 32 ہزارسے زائد فلسطینی شہید جبکہ 74 ہزار 980 زخمی ہو چکے ہیں، غزہ کی پٹی کی 70 فیصد عمارتیں مکمل یا جزوی تباہ کر دی گئی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی