i بین اقوامی

غزہ میں اسرائیلی فوج کی سفاکیت جاری، حاملہ خاتون سمیت 100 سے زائد فلسطینی شہید کردئیےتازترین

September 02, 2025

غزہ میں اسرائیلی فوج کی سفاکیت انتہا کو چھونے لگیں، قابض فوج نے ایک اور حاملہ خاتون سمیت 100 سے زائد فلسطینی شہید کردئیے۔عرب میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے شاتی پناہ گزین کیمپ میں گھر پر راکٹ حملہ کردیا جس کے نتیجے میں گھر کا ایک حصہ تباہ ہوگیا جبکہ ایک حاملہ خاتون بھی جان گنوا بیٹھی۔رپورٹس کے مطابق جس گھر کو اسرائیلی فوج نے نشانہ بنایا وہاں کمرے سے کھلونے اور بچوں کے کپڑے ملے جو غالبا خاتون نے اپنے ہونے والے بچے کے لیے تیار کر رکھے تھے۔ قابض فوج کے ہاتھوں ایک روز میں مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 63 ہزار 557 ہوگئی جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار 660 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔ادھرغزہ میں قحط کی صورت حال ختم نہ ہوسکی، بھوک کی شدت کے باعث مزید 9 فلسطینی دم توڑ گئے۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی بمباری کے باعث اب بھی سڑکوں پر ملبے تلے کئی افراد دبے ہوئے ہیں اور اسرائیلی فوج کی جانب سے ریسکیو اہلکاروں کو ملبہ ہٹانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

دوسری جانببحرین میں نئے اسرائیلی سفیر کی تقرری پر دارالحکومت منامہ میں عوام نے سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔مظاہرین نے اسرائیلی سفارتخانے کے باہر جمع ہوکر نئے سفیر کی تقرری کے خلاف نعرے لگائے، نئے سفیر کی تصاویر بھی نذرآتش کردیں، اس دوران مظاہرین نے اپنی حکومت سے اسرائیل سے تعلقات منقطع کرنیکا بھی مطالبہ کیا۔ہاتھوں میں فلسطینی پرچم تھامے شہریوں نے غزہ کے حق میں اور اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کیخلاف بھی آواز بلند کی۔اس دوران سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر دھاوا بول دیا اور انہیں منتشر کرنے کیلئے طاقت کا استعمال کیا۔ یاد رہے کہ بحرین میں چند روز قبل اسرائیل کے نئے سفیر کی تقرری کی گئی تھی۔بحرین نے ستمبر 2020 میں قابض اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا معاہدہ کیا تھا اور اگست 2021 میں خالد الجلاہمہ کو تل ابیب میں اپنا پہلا سفیر مقرر کیا تھا جبکہ اسرائیل نے دسمبر 2021 میں ایتان نائیہ کو منامہ میں اپنا سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیاتھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی