غزہ میں اسرائیلی فو ج کے زمینی آپریشن کے دوران اسرائیلی ٹینکوں کی یلغار اور خوفناک بمباری کا سلسلہ جاری ہے ،صیہونی فورسز نے 24 گھنٹے کے دوران بچوں سمیت 100 سے زائد فلسطینی شہید کر دیئے، مساجد سمیت درجنوں گھروں کو بھی مسمار کر دیا، غزہ کے پناہ گزین کیمپوں میں جگہ کم پڑ گئی۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق فرانس نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے زمینی آپریشن کی شدید مذمت کی، فرانسیسی وزارت خارجہ نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کا فوجی آپریشن تباہ کن ہے اسے فوری روکا جائے۔ دوسری جانب اسرائیل نے یمن کے الحدیدہ بندرگاہ پر ایک بار پھر فضائی حملے کردئیے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بندرگاہ پر 12 فضائی حملے کیے اور فضائی کارروائی تقریبا 10 منٹ تک جاری رہی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی حوثیوں کی فوجی سرگرمیوں کے جواب میں کی گئی ہے اور اس میں حوثیوں کے 10 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ صیہونی فوج نے الزام عائد کیا کہ الحدیدہ بندرگاہ سے حوثی ایران سے اسلحہ وصول کرتے ہیں۔اسرائیلی فوج نے حملے سے قبل الحدیدہ بندرگاہ اور وہاں لنگر انداز جہازوں کو خالی کرنے کا انتباہ جاری کیا تھا۔عینی شاہدین اور بندرگاہ کے ذرائع کے مطابق اسرائیلی حملوں کا ہدف 3 وہ ڈوکس تھے جو پچھلے حملوں کے بعد بحال کیے گئے تھے۔دوسری جانب حوثیوں نے اسرائیلی فوج کی جارحیت کے جواب میں اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغ دیا جس کے بعد اسرائیل کیکچھ علاقوں میں سائرن بج اٹھے۔حوثی ترجمان نے کہا کہ وہ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں کے خلاف اقدامات کرتے رہیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی