اسرائیل نے غزہ میں ظلم کی ہر حد پار کردی، تازہ حملوں میں100فلسطینی شہید ہوگئے جبکہغزہ میں بھوک کی شدت سے مزید 6 فلسطینی شہید ہوگئے اس طرح جبری قحط سے اموات کی تعداد 367 ہوگئی۔عرب میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیل کی پناہ گزین کیمپوں پر بھی بمباری سے آگ بھڑک اٹھی، بڑے جانی نقصان کا خدشہ ہے۔ کیمپوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود ہے، غزہ میں اسرائیلی فوج کی بیرحم بمباری میں کم از کم 73 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں کئی امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ میں امداد تقسیم کرنے کے مقامات کے قریب بھی حملے کیے گئے۔وسطی غزہ میں اسرائیلی گولہ باری کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہید ہو گئے۔ یہ حملے دیر البلح کے علاقے میں پناہ گزین کیمپ پر کیے گئے تھے۔اس کے علاوہ غزہ میں بھوک کی شدت سے مزید 6 فلسطینی انتقال کرگئے جس کے بعد اسرائیل کے جبری قحط سے 131 بچوں سمیت اموات کی تعداد 367 ہوگئی ہے۔دوسری جانب شمالی غزہ میں حماس کے جنگجوئوں نے اسرائیلی فوجی قافلے پر حملہ کردیا جس میں کئی گاڑیاں اور ٹینک تباہ ہوگئے جبکہ متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ۔ ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی شہریوں نے نیتن یاہو حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ اسکاٹ لینڈ نے اسرائیل کو اسلحہ دینے والی کمپنیوں کے لیے سرکاری فنڈنگ روک دی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی