i بین اقوامی

غزہ میں جنگ ہمیشہ نہیں چل سکتی، جنگ بندی بہت ضروری ہے،حماس رہنماتازترین

April 09, 2025

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے اعلی عہدیدار نے کہا کہ غزہ میں جنگ ہمیشہ نہیں چل سکتی، اس لیے جنگ بندی بہت ضروری ہے جبکہ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وحشیانہ بمباری اور پھر خوراک سمیت امدادی سامان کی ترسیل نہ ہونے سے غزہ ایک قتل گاہ میں تبدیل ہو چکا ہے ۔غیرملکی خبر رساں ادارے س سے بات کرتے ہوئے حماس کے سیاسی بیورو کے رکن حسام بدران نے کہا کہ یہ جنگ ہمیشہ نہیں چل سکتی، اس لیے جنگ بندی تک پہنچنا ضروری ہے۔انہوں نے بتایا کہ ثالثوں سے رابطہ اب بھی جاری ہے لیکن تاحال کوئی نئی تجاویز سامنے نہیں آئیں۔حماس کے سیاسی بیورو کے رکن حسام بدران نے مزید بتایا کہ حماس ایسے تمام اقدامات کے لیے تیار ہے جو جنگ بندی اور فلسطینی عوام کے خلاف جاری نسل کشی کو روکنے کا سبب بنیں۔

دوسری جانب اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وحشیانہ بمباری اور پھر خوراک سمیت امدادی سامان کی ترسیل نہ ہونے سے غزہ ایک قتل گاہ میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی پابندی کے باعث ایک مہینے سے غزہ میں اناج کا ایک دانہ یا پانی کا ایک قطرہ تک نہیں پہنچا ہے۔انتونیو گوتریس نے مزید کہا کہ امدادی سامان کی ترسیل رکنے سے غزہ میں ہولناکیوں میں مزید اضافہ ہوا ہے اور لوگ بھوک سے قریب المرگ ہیں، انہوں نے جنیوا کنوینشنز کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیل کو یاد کرایا کہ غزہ میں شہریوں کو خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی اس کی ذمہ داری ہے۔خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر خزانہ نے دھمکی دی ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی تک غزہ میں اناج کا ایک دانہ بھی نہیں جانے دیں گے، اسرائیل نے جنگ بندی کے باوجود غزہ کے جنوبی علاقوں میں وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی