i بین اقوامی

غزہ پر اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں میں پانچ صحافیوںسمیت 10افراد شہید،24گھنٹوں میں 45فلسطینی شہید کردئیے گئے ،، غزہ پناہ گزین کیمپ میں خون جما دینے والی سردی میں 3 کم سن بچے ٹھٹھرکرجاں بحقتازترین

December 26, 2024

غزہ میں جمعرات کی صبح اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں پانچ صحافیوں سمیت کم از کم 10 افراد شہیداور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں میں 45 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید کردئیے گئے ہیں ، غزہ پناہ گزین کیمپ میں خون جما دینے والی سردی میں 3 کم سن بچے ٹھٹھرکرجاں بحق ہوگئے ۔ برطانوی خبر رساں ا دارے کے مطابق غزہ میں محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ زیتون کے علاقے میں ایک گھر پر فضائی حملے میں پانچ افراد شہید اور 20 زخمی ہوئے۔ انہوں نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ بہت سے افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فضائی حملے کے بعد 30 افراد لاپتا ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ایک اور واقعے میں پانچ صحافی اس وقت شہید ہو گئے جب ان کی گاڑی وسطی غزہ کے علاقے نصیرات میں العودہ ہسپتال کے قریب نشانہ بنایا گیا۔مذکورہ صحافی القدس الیووم ٹیلی ویژن چینل کے لیے کام کرتے تھے۔فلسطینی میڈیا اور مقامی نامہ نگاروں کے مطابق اس گاڑی کو صحافی ہسپتال اور نصرت کیمپ میں رپورٹنگ کے لیے استعمال کرتے تھے۔رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد براڈ کاسٹنگ وین میں آگ بھڑک اٹھی اور وین مکمل تباہ ہوگئی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے صحافیوں پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشتگردوں کے سیل کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جس براڈ کاسٹنگ وین پر حملہ کیا اس پر واضح طور پر پریس کے الفاظ درج تھے۔ وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی بمباری اور غزہ پر زمینی حملے میں گزشتہ 24گھنٹوں میں 45 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہیدہو چکے ہیں جن میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے شامل ہیں۔ صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق گزشتہ سال 7 اکتوبر سے غزہ، مغربی کنارے، اسرائیل اور لبنان میں کم از کم 141 صحافی اور میڈیا ورکرز قتل ہو چکے اور ان میں سے 133 غزہ کے فلسطینی تھے۔ دوسری جانب غزہ میں پناہ گزین کیمپ میں 3 کمسن بچے اور ڈاکٹر شدید سردی سے ٹھٹھر کر جاں بحق ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی ناکہ بندی کے باعث جنوبی غزہ کے علاقے میں واقع پناہ گزین کیمپ میں کھانے پینے کی اشیا اور دواں کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔ پناہ گزین کیمپ میں شدید سردی کے باعث 3 بچے ٹھٹھرکر جاں بحق ہوگئے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی