i بین اقوامی

غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے جاری، مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید، بھوک کی شدت سے بھی مزید 8 فلسطینی جاںبحقتازترین

August 25, 2025

غزہ پر اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں نے گولہ باری اور جنوبی اور وسطی حصوں میں بھی بمباری کی۔ان حملوں کے نتیجے میں اب تک مزید 50 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جن میں امداد کے متلاشی 24 افراد بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ بھوک کی شدت سے بھی مزید 8 فلسطینی انتقال کر گئے۔ جس کے بعد غذائی قلت سے اموات 115 بچوں سمیت 289 ہوگئیں۔واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد 62 ہزار 600 سے زائد ہوگئی جبکہ ایک لاکھ57 ہزارسے زائدافراد زخمی ہوچکے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے رام اللہ میں 14 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ ادھر فلسطینی ریاست کی حمایت پر اسرائیل نے فرانس اور دیگر یورپی ممالک کو وارننگ دی ہے۔اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپ کو اسرائیل اور حماس میں سے کسی ایک کو چننا ہوگا۔اسرائیلی وزیر خارجہ نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ حماس نے اسرائیل پر پابندی کیلییکابینہ کی حمایت نہ ملنے پر مستعفی ہونے والے ڈچ وزیرخارجہ کی تعریف کی۔

انہوں نے لکھاکہ حماس نے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے پر فرانسیسی صدر اور دیگر کی بھی تعریف کی تھی۔اسرائیلی وزیرخارجہ کاکہنا تھا کہ اب یورپ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ ہے یا حماس کے ساتھ، کیونکہ اسرائیل کے خلاف ہونے والے تمام اقدامات مشرقِ وسطی میں جہادی اتحاد کے مفاد میں جاتے ہیں۔یاد رہیکہ 2 روز قبل نیدر لینڈز کے وزیر خارجہ کیسپر ویلڈکیمپ نے غزہ میں اسرائیلی فوجی حملے کے خلاف اضافی پابندیوں کے لیے کابینہ کی حمایت حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد استعفی دے دیاتھا۔استعفی سے متعلق دئیے گئے بیان میں کیسپر نے کہا میں دیکھ رہا ہوں کہ غزہ کی سرزمین پر کیا ہو رہا ہے ، ایک کابینہ کے طور پر ہم نے پہلے بھی کئی اقدامات کیے ہیں، نیدرلینڈز کے پاس شرمندہ ہونے کی کوئی بات نہیں ہے، اس سلسلے میں اضافی اقدامات کرنے کے حوالے سے میں نے کابینہ میں کئی بار مزاحمت محسوس کی۔فرانس نے بھی گزشتہ ماہ مشرقِ وسطی میں منصفانہ اور پائیدار امن کیلئے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنیکا فیصلہ کیا تھا۔فرانسیسی صدر کاکہنا تھاکہ وہ فلسطینی ریاست قبول کرنے کا باقاعدہ اعلان ستمبر میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی