i بین اقوامی

غزہ،شجاعیہ پر اسرائیلی بمباری ، فلسطینی پولیس ارکان سمیت 17 افراد شہیدتازترین

March 30, 2024

اسرائیلی فورسز نے غزہ کے علاقے شجاعیہ میں 11 فلسطینی پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا۔ غزہ میں سرکاری میڈیا کے دفتر نے اعلان کیا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے مشرق میں واقع شجائیہ محلے میں دو حملوں میں فلسطینی پولیس ارکان سمیت 17 افراد کو شہید کر دیا ہے۔ میڈیا آفس نے ایک بیان شائع کیا جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے امدادی سکیورٹی پولیس پر بمباری کی جو شجاعیہ سپورٹس کلب میں انسانی ہمدردی کے کام کا حصہ تھی، اس کے نتیجے میں 10 پولیس افسران اور شہری شہید ہوئے، ان میں ایک فلسطینی خاتون بھی شامل ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ شجاعیہ محلے میں ایک اور واقعے میں اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی پولیس افسر کو اس کے خاندان کے افراد کے ساتھ سنافور گول چکر پر فنا کے گھاٹ اتار دیا، اس حملے میں راہگیروں سمیت سات افراد جاں بحق ہوگئے۔ بیان میں امریکی انتظامیہ، عالمی برادری اور اسرائیل کو "پولیس فورسز اور عام شہریوں، بچوں اور خواتین کو امداد فراہم کرنے والوں کے خلاف جاری جرائم کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 32 ہزار سے زائدفلسطینی شہید اور 75 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی