یمن کے حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر میں حملے جاری رکھنے اور امریکا اور برطانیہ سے بدلہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ حوثی ملیشیا کے ترجمان یحیی سریعہ نے کہا ہے کہ امریکا اور برطانیہ کے جہازوں نے ایک رات میں 48 حملے کیے جن میں سے 13 صنعا پر کیے گئے، نو مغربی صوبے العبیدہ پر جبکہ باقی دیگر شہروں پر کیے گئے ہیں، بحیرہ احمر میں حملوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور امریکا اور برطانیہ کے جہازوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ یمن کے ایران سے منسلک حوثیوں کی سپریم انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ اٹلی کو اسرائیل فلسطین تنازع میں غیر جانبدار رہنا چاہیے، اگر یمن کے خلاف حملوں میں اٹلی حصہ لیتا ہے تو اسے نشانہ بنایا جائے گا، غزہ پر حملے روکنے کیلئے اٹلی کو اسرائیل پر دبائو ڈالنا چاہیے، علاقہ میں امن کے حصول کا یہی واحد راستہ ہے۔ واضح رہے کہ ہفتے کی رات امریکا، برطانیہ اور اتحادیوں نے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے، حملوں میں 36 مقامات کو نشانہ بنایا گیا
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی