لبنان کے عسکری گروپ حزب اللہ نے اسرائیل کے فوجی اڈے پر میزائل اور ڈرونز سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 14اسرائیلی فوج شدید زخمی ہو گئے،غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقے عرب الارمشے کو نشانہ بنایا جس میں 14اسرائیلی فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، حزب اللہ نے اسرائیل پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ لبنان کے علاقے عین بال، شہابیہ میں حزب اللہ مجاہدین کی شہادتوں کے بدلے میں کیا گیا ہے۔ایران سے منسلک گروپ حزب اللہ نے مزید کہا ہے کہ اس نے لبنانی سرحد کے قریب شمالی اسرائیل کے عرب اکثریتی گائوں عرب الارمشے میں ایک نئے فوجی جاسوسی کمانڈ سینٹر پر گائیڈڈ میزائلوں اور دھماکا خیز ڈرونز کے ساتھ حملہ کیا، ایران نے بھی ہفتے کے آخر میں سینکڑوں ڈرونز، کروز میزائلوں اور بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل پر حملہ کیا تھا۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے لبنانی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزائل حملے میں 14فوجی زخمی ہوئے اور 6کی حالت تشویشناک ہے، واضح رہے کہ پیر کے روز اسرائیل نے جنوبی لبنان پر حملہ کر کے حزب اللہ کے فیلڈ کمانڈر سمیت 3افراد کو مار دیا تھا، اسرائیلی فوج نے کمانڈر کی شناخت اسماعیل یوسف باز کے نام سے کی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی