i بین اقوامی

یمن کا میزائل حملہ ،اسرائیل نے بین گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ بند کر دیاتازترین

July 07, 2025

اسرائیل نے یمنی مسلح افواج کی جانب سے میزائل حملے کے بعد بین گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام آمد و رفت کی پروازیں معطل کردیں۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ایوی ایشن حکام نے بین گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تمام آمد و رفت کی پروازیں معطل کر دی ہیں اور کہا ہے کہ یہ ایئرپورٹ تا حکمِ ثانی بند رہے گا۔یہ فیصلہ یمنی مسلح افواج کی جانب سے میزائل حملے کے بعد کیا گیا ہے، جو تل ابیب حکومت کی جانب سے غزہ میں جاری نسل کشی کی جنگ کے جواب میں کیا گیا۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی مقبوضہ علاقے بین الاقوامی فضائی سفر سے عملی طور پر کٹ گئے، جب بحیرہ مردار کے متعدد علاقوں میں ایئر ریڈ سائرن بجنے لگے، تاہم میزائل داغے جانے کے بعد فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔اسرائیلی فوج نے ایک مختصر بیان میں دعوی کیا کہ ان کے اینٹی ایئر میزائل سسٹم نے یمنی فوج کی جانب سے داغے میزائل کو مار گرانے کی کوشش کی۔یہ پیش رفت یمنی فوج کی جانب سے بین گوریون ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے کے لیے بیلسٹک میزائل داغنے کی ذمہ داری قبول کرنے کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی