i بین اقوامی

یوکرین کے ہیکنگ گروپ کے سائبر حملوں کے بعد روس کی قومی ایئرلائن کی پروازیں منسوختازترین

July 29, 2025

روس کی قومی فضائی کمپنی ایروفلوٹ کو شدید سائبر حملوں کے بعد پیر کے روز درجنوں پروازیں منسوخ کرنا پڑگئیں، جس کی ذمہ داری ایک پر اسرار یوکرین نواز ہیکنگ گروپ نے قبول کی ہے، ایک رکن پارلیمنٹ نے اس واقعے کو ماسکو کے لیے انتباہ قرار دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کریملن نے اس صورتحال کو تشویش ناک قرار دیا ہے، جب کہ استغاثہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ خلل سائبر حملے کی وجہ سے ہوا اور اس پر فوجداری تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، سینیئر رکنِ پارلیمنٹ انتون گوریلکن نے کہا کہ روس ایک ڈیجیٹل حملے کی زد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں بھولنا چاہیے کہ ہمارے ملک کے خلاف جنگ ہر محاذ پر لڑی جا رہی ہے، جس میں ڈیجیٹل محاذ بھی شامل ہے، اور میں اس امکان کو رد نہیں کرتا کہ وہ ہیکٹوسٹس ) جو اس واقعے کی ذمہ داری لے رہے ہیں، ممکنہ طور پر غیر دوستانہ ممالک کے لیے کام کر رہے ہوں۔

ایروفلوٹ نے یہ نہیں بتایا کہ مسئلہ کب تک حل ہو گا، لیکن ماسکو کے شیرمتیوو ایئرپورٹ پر روانگی کے بورڈ سرخ ہو گئے کیوں کہ پروازیں منسوخ ہو رہی تھیں، ایک ایسا وقت جب بہت سے روسی تعطیلات پر جاتے ہیں۔سائلنٹ کرا نامی ہیکنگ گروپ سے منسوب ایک بیان میں کہا گیا کہ اس کارروائی کو ایک بیلاروسی گروپ سائبرپارٹیزنز بی وائی کے ساتھ مل کر انجام دیا گیا، اور اس کا تعلق یوکرین کی جنگ سے جوڑا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ یوکرین کی جیت ہو، بیلاروس زندہ باد !، تاہم رائٹرز اس بیان کی فوری طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔سائلنٹ کرا اس سے پہلے بھی رواں سال روس کے ریئل اسٹیٹ ڈیٹا بیس، سرکاری ٹیلی کام کمپنی، ایک بڑی انشورنس فرم، ماسکو حکومت کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ، اور جنوبی کوریائی کار ساز کمپنی کیا کے روسی دفتر پر حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی