i بین اقوامی

جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی، اسرائیل کے غزہ پر حملے جاری، 8 فلسطینی شہید،مغربی کنارے میں 40 فلسطینی گرفتار ، دو فلسطینی گھر مسمارتازترین

October 28, 2025

اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کے مختلف علاقوں پر حملوں میں8 فلسطینی شہیدہوگئے،صیہونی فوج نے مغربی کنارے میں 40 فلسطینی گرفتار کر لئے اور دو فلسطینی گھروں کو مسمار کر دیا،جبکہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک اور یرغمالی کی لاش اسرائیل کے حوالے کردی۔عرب میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی فورسز کی غزہ جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔غزہ کے مختلف علاقوں میں صیہونی فوج نے فائرنگ اور گولہ باری کی، خان یونس کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے اور دیگر کارروائیوں میں مزید 8فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج کی جانب سے چھوڑے گئے دھماکا خیز مواد سے اب تک 53 فلسطینی شہید ہو چکے۔غزہ میں ملبے سے ملنے والی مزید پچاس لاشیں سپردخاک کردی گئیں ہیں،جس کے بعد فلسطینی شہدا کی تعداد 68 ہزار 595 ہوگئی ۔ادھر مقبوضہ مغربی کنارے سے صیہونی فوج نے 40 فلسطینی گرفتار کر لئے، مغربی کنارے میں دو فلسطینی گھروں کو مسمار کر دیا، بیت اللحم کے گائو ں میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے متعدد فلسطینی طلبا زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے ایک اور یرغمالی کی لاش اسرائیل کے حوالے کردی۔رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے ریڈ کراس کے ذریعے یرغمالی کی لاش موصول ہونے کی تصدیق کردی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق لاش کو پولیس کی نگرانی میں تل ابیب کے ابو کبیر فرانزک انسٹی ٹیوٹ منتقل کر دیا گیا جہاں شناخت کا عمل دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔حماس اس سے قبل 16 یرغمالیوں کی لاشوں کو اسرائیل کے حوالے کرچکی ہے، اسرائیلی حکام کا کہنا ہے حماس کے پاس اب بھی 12 یرغمالیوں کی لاشیں موجود ہیں۔یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو ہلاک یرغمالیوں کی تلاش میں مدد کیلئے مصری تکنیکی ٹیم کو غزہ میں داخلے کی منظوری دے چکے ہیں۔اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ریڈ کراس اور مصری ٹیموں کو غزہ میں اسرائیلی فوج کی ییلو لائن کے پار جا کر یرغمالیوں کی لاشیں تلاش کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس دوران حماس کے سابق سربراہ یحیی سنوار کی شہادت سے پہلے کی نئی ویڈیو سا منے آگئی،یحیی سنوار کو ایک ساتھی کیساتھ اپارٹمنٹ میں دیکھا جاسکتا ہے۔دریں اثنا اقوام متحدہ اور عالمی تنظیموں نے اسرائیلی جارحیت روکنے کا مطالبہ کر دیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی