i بین اقوامی

ہماری طرف سے امریکا کو کوئی ملاقات یا بات چیت کی درخواست نہیں کی گئی، ایران کی تردیدتازترین

July 09, 2025

ایران نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد امریکی حکام سے کسی بھی قسم کے مذاکرات کی درخواست نہیں کی گئی۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تسنیم نیوز ایجنسی کو بتایا کہ "ہماری طرف سے امریکا کو کوئی ملاقات یا بات چیت کی درخواست نہیں کی گئی۔"یہ ردعمل اس وقت آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ ایران، اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد امریکا سے بات چیت کا خواہشمند ہے۔ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کے دوران صحافیوں کو بتایا تھا کہ "ہم نے ایران کے ساتھ مذاکرات طے کر لیے ہیں اور وہ ملنے کے لیے تیار ہیں۔ تاہم ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم کیسے ایسے ملک پر بھروسہ کر سکتے ہیں جس نے حال ہی میں ہمارے خلاف فوجی کارروائیاں کی ہیں؟ ۔ایرانی حکام کے مطابق امریکی دعوے بے بنیاد ہیں اور مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے امریکا کی نیت پر شدید شکوک پائے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے جوہری اور عسکری مقامات پر حملے کیے تھے جس میں 1,060 افراد شہید ہوئے، جبکہ ایران کے جوابی ڈرون و میزائل حملوں میں 28 اسرائیلی ہلاک ہوئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی