i بین اقوامی

میکسیکو میں ٹرین اور ڈبل ڈیکر بس کے تصادم میں 10افراد ہلاک' 61 زخمی ہوگئےتازترین

September 09, 2025

میکسیکو کے وسطی علاقے میں ایک مال بردار ٹرین ڈبل ڈیکر بس سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 61 زخمی ہوئے۔عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریلوے حکام نے بتایا کہ بس نے چلتی ٹرین کے آگے سے گزرنے کی کوشش کی جس کے باعث یہ ٹکر ہوئی۔ کمپنی نے متاثرہ خاندانوں سے افسوس کا اظہار کیا اور ڈرائیوروں سے اپیل کی کہ ریلوے کراسنگ پر لگے اشاروں اور اسٹاپ آرڈرز کی پابندی کریں۔تصاویر میں دیکھا گیا کہ بس کی اوپری منزل کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے فورا علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ یہ حادثہ میکسیکو سٹی سے تقریبا 115 کلومیٹر شمال مغرب میں اٹلاکومولکو اور ریاست مِچوآکان کے شہر ماراواتیو کے درمیان صنعتی علاقے میں پیش آیا۔ریاستی اٹارنی جنرل کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 7 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں۔ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ کئی کو اسپتال سے فارغ بھی کر دیا گیا۔میکسیکو اور لاطینی امریکا میں بس حادثات عام ہیں۔ صرف 2023 میں وفاقی شاہراہوں پر 12 ہزار سے زائد حادثات ہوئے جن میں تقریبا 1,900 اموات اور 6,400 زخمی ریکارڈ کیے گئے۔فروری میں بھی ایک بڑا حادثہ پیش آیا تھا جب جنوبی میکسیکو میں ایک بس ٹریلر سے ٹکرا کر جل گئی تھی، جس میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی