مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا جبکہ آزادی کی آواز بننے کی سزا کے طورپر 20 سے زائد کشمیری صحافی شہید کیے جا چکے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ریاستی دہشتگردی جاری ہے اور بھارتی فوج نے ضلع کلگام میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 22 سالہ کشمیری نوجوان کا ماورائے عدالت قتل کیا گیا۔کے ایم ایس کے مطابق بھارتی فورسز نے کشمیری نوجوان کو محاصرے اور تلاشی کی آڑ میں گرفتار کرکے گولیاں ماریں اور لاش نالے میں پھینک دی۔شہید کشمیری نوجوان امتیاز احمد مقبوضہ وادی میں مزدوری کرتا تھا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کی آزادی کو کچلنے والی چونکا دینے والی ر پورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مودی راج میں مقبوضہ کشمیر میں صحافت جرم بن گئی، آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد کشمیری صحافی مسلسل ریاستی ظلم و جبر کا شکار ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کشمیری صحافیوں کو سچ لکھنے پر جیل، تشدد اور قتل جیسے مظالم کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔آر ایس ایف کی جاری کردہ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر صحافیوں کیلئے دنیا کے خطرناک ترین علاقوں میں شامل ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی