i بین اقوامی

مکمل جنگ بندی کے اعلان تک اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کا تبادلہ نہیں ہوگا،حماستازترین

March 06, 2024

حماس کے رہ نما اسامہ حمدان نے زوردے کر کہا ہے کہ جب تک اسرائیل جنگ بندی کا اعلان نہیں کرتا اس وقت تک اس کے ساتھ قیدیوں کا کوئی تبادلہ نہیں ہوگا۔عرب میڈیا کے مطابق حمدان نے کہا کہ حماس نے گذشتہ دو دنوں کے دوران مصری دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات میں غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لیے اپنی شرائط کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے بیروت میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حماس کی شرائط واضح ہیں۔ ہم مکمل اسرائیلی انخلا، بے گھر ہونے والوں کی اپنے علاقوں میں واپسی اور بڑی مقدار میں امداد کی فراہمی چاہتے ہیں،انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیل مجوزہ اقدامات سے نمٹنے کے لیے اب بھی وہی تاخیری چالوں اور طریقوں پر عمل پیرا ہے،حمدان نے مزید کہا کہ اسرائیل مذاکرات، غزہ کے لوگوں کے قتل عام اور بھوک پیاسے مارنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور بھوک کو فلسطینی عوام پر دبا ئوکے کارڈ کے طور پر استعمال کر رہا ہے،انہوں نے کہا کہ اسرائیل جنگ میں جو کچھ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے وہ مذاکرات کی میز پر حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ہمارے لوگوں کی سلامتی اور تحفظ ایک مستقل جنگ بندی کے علاوہ وہ اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکے گا۔انہوں نے کہا کہ حماس نے جو لچک دکھائی وہ مذاکرات میں دکھائی دے رہی ہے۔ حماس ہر طرح کی جدوجہد کو جاری رکھنے کے لیے مکمل تیار اور پر عزم ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ہم واضح مقاصد اور اہداف کے بغیر مذاکرات کے عمل کوآگے نہیں بڑھائیں گے۔ دشمن مذاکرات کی آڑ میں وقت حاصل کرنا چاہتا ہے۔ وہ مزید قتل عام کے لیے پردہ ڈالیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی