i بین اقوامی

نئی جنگی ٹیکنالوجی،چین کے ونگ مین ڈرونز اور خودکار ہیلی کاپٹر نے سب کو حیران کردیاتازترین

September 04, 2025

چین نے دوسری عالمی جنگ میں فتح کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی فوجی پریڈ میں جدید ترین جنگی ڈرونز اور بغیر پائلٹ ہیلی کاپٹرز متعارف کروائے ہیں۔یہ ڈرونز غیر معمولی صلاحیتوں اور نئے ڈیزائن کے حامل ہیں جنہیں پہلی بار عوام کے سامنے پیش کیا گیا۔چینی میڈیا کے مطابق پریڈ میں مسلح ریکی ڈرون، ونگ مین ڈرون، ائیر سپیریئورٹی ڈرون اور بحری جہازوں سے اڑان بھرنے والے بغیر پائلٹ ہیلی کاپٹر شامل تھے۔ یہ ڈرونز اسٹیلتھ حملوں، خودکار آپریشنز اور فضائی جنگ میں نئے تصورات کو حقیقت کا روپ دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ونگ مین ڈرونز پائلٹ کے حامل جنگی طیاروں کے ساتھ قریبی ہم آہنگی میں کام کرتے ہیں اور فضائی برتری، دفاع اور ہدف کی نشاندہی جیسے مشنز انجام دیتے ہیں۔ یہ پائلٹس کو جنگی میدان کی مکمل صورتِ حال فراہم کرتے ہیں اور فیصلہ سازی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔پریڈ میں پیش کیے گئے ڈرونز میں کچھ ایسے ماڈل بھی شامل تھے جن کا ڈیزائن بغیر دم کے بنایا گیا ہے، جو زیادہ اسٹیلتھ کارکردگی فراہم کرتے ہیں اور ریڈار سے بچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ بغیر پائلٹ ہیلی کاپٹر بھی دکھایا گیا جو ریکی، ارلی وارننگ، اینٹی شپ اور اینٹی سب میرین مشنز سمیت کئی کام سرانجام دے سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر اپنے چھوٹے سائز کی وجہ سے مختلف بحری جہازوں پر زیادہ تعداد میں تعینات کیا جا سکتا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی