i بین اقوامی

پاکستان کی جیت کا جشن منانے کا جھوٹا الزام، 19مسلمان 6سال بعد رہاتازترین

March 21, 2024

پاکستان کی جیت کا جشن منانے کے جھوٹے مقدمے میں قید کاٹنے والے 19مسلمانوں کو 6سال بعد رہا کر دیا گیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ چیمپئنز ٹرافی 2017 کے دوران بھارت میں پاکستان کی جیت کا مبینہ طور پر جشن منانے والے 19مسلمانوں کیخلاف درج کیا گیا مقدمہ جھوٹا نکلا، ملزمان پر لگائے گئے الزام کے 6سال بعد مدعی اور گواہوں نے بیان بدلتے ہوئے کہا کہ پولیس نے زبردستی ہمیں جھوٹے بیانات دینے کا کہا جس کے بعد مدھیہ پردیش کی عدالت نے مقدمے کو من گھڑت قرار دے دیا۔رہائی پانے والے متاثرہ افراد نے بتایا ہے کہ اس جھوٹے مقدمے نے ہماری زندگیاں تباہ کر دیں، پولیس کی حراست میں مارا پیٹا گیا اور بدسلوکی کی گئی، صدمے کی وجہ سے 2بچوں کے 40سالہ باپ کی جانب سے 2019 میں خودکشی کرنے کا بھی انکشاف ہوا۔مدھیہ پردیش کے گائوں موہد کے رہائشی متاثرین کا کہنا ہے کہ اب گائوں میں لوگ بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ نہیں دیکھتے کیونکہ وہ اب بھی مسلمانوں کی گرفتاری کے صدمے کا شکار ہیں جبکہ گائوں کے سربراہ رفیق تڈوی نے کہا واقعے کا اثر اتنا گہرا ہے کہ گائوں والے کرکٹ نہیں کھیلتے اور جب بھارت پاکستان کا میچ چل رہا ہو تو کوئی بھی اسے ٹی وی پر نہیں دیکھتا۔واضح رہے کہ 18جون 2017 کو لندن کے اوول سٹیڈیم میں چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کی جانب سے بھارت کو شکست دینے کے بعد موہد گائوں میں ایک افواہ پھیل گئی تھی کہ رہائشیوں نے پاکستان کی حمایت میں نعرے لگائے، مٹھائیاں تقسیم کیں اور جشن منایا، پولیس نے خبر ملتے ہی 19مسلمانوں کو گرفتار کیا اور ان کیخلاف تعزیرات ہند 1860 کے تحت بغاوت اور مجرمانہ سازش کا مقدمہ درج کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی