اٹلانٹا، جارجیا سے تعلق رکھنے والا موجد جولین بران، جو اپنی منفرد پلاسٹولین نامی ایجاد کے لیے جانے جاتے ہیں، وہ اچانک لاپتہ ہوگئے ہیں۔پلاسٹولین، ایک ایسی جدید ٹیکنالوجی ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ماحول دوست مواد سے بنائی گئی ہے اور مختلف صنعتوں میں انقلاب لا سکتی ہے، تاہم بران کی گمشدگی اور اس کی آخری سوشل میڈیا پوسٹ نے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔بران نے اپنی آخری پوسٹ میں لکھا تھا کہ وہ "حملے کا شکار ہیں، جس نے ان کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خدشات کو جنم دیا ہے، اس پوسٹ کے بعد سے اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، اور نہ ہی اس کے بارے میں کوئی نئی معلومات سامنے آئی ہیں۔اٹلانٹا پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس بران کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو فوری طور پر رابطہ کیا جائے۔جولین بران کو ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک ابھرتا ہوا نام سمجھا جاتا تھا، ان کی پلاسٹولین ایجاد نے مقامی اور بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کی تھی۔بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ یہ ٹیکنالوجی ماحولیاتی مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے
تاہم ان کی گمشدگی نے ان کے دوستوں، اہلخانہ اور مداحوں کو صدمے میں ڈال دیا ہے۔بران کے قریبی دوستوں نے بتایا کہ وہ حال ہی میں اپنی ایجاد کے حوالے سے کچھ دبا میں تھے لیکن انھوں نے کبھی یہ نہیں بتایا کہ وہ کسی خطرے کا شکار ہیں۔ان کی پوسٹ میں "حملے کا ذکر اب تک ایک معمہ بنا ہوا ہے کیا یہ کوئی جسمانی حملہ تھا، سائبر حملہ، یا کوئی اور خطرہ تھا؟ پولیس اس پوسٹ کے پس منظر کی چھان بین کر رہی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی کوئی سراغ مل سکے گا۔مقامی کمیونٹی اور ٹیکنالوجی کے شوقین افراد بران کی خیریت کے لیے دعائیں مانگ رہے ہیں، سوشل میڈیا پر بھی #FindJulianBrown کے نام سے ایک مہم شروع ہو گئی ہے، جہاں لوگ ان کی گمشدگی کے بارے میں معلومات شیئر کررہے ہیں۔پولیس نے عوام سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا معلومات کو فوری طور پر رپورٹ کریں، اس وقت تحقیقات جاری ہیں۔حکام نے عوام سے صبر و تحمل کی اپیل کی ہے، بران کے اہلخانہ نے بھی ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں سب کی حمایت کے شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ جولین جلد ہی خیریت سے واپس آئے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی