روس اور آسٹریلیا میں زلزلے کے شدید جھٹکوں سے شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا، متعدد افراد گھروں سے باہر نکل آئے۔ عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق روس میں آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6 ڈگری ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر زیر زمین تھی، فوری طورپرکسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔تاہم زلزلہ پیما مراکز اور قدرتی آفات سے نمٹنے والے روسی ادارے نے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام نے مقامی آبادی کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے مشرقی ساحل کے قریب 4.9 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی،تاہم ابھی سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ سرکاری رپورٹس کیمطابق زلزلے کے بعد تقریبا گیارہ ہزار افراد بجلی سے محروم ہیں،زلزلے کے ہولناک جھٹکے 9 ہزار کے قریب لوگوں نے محسوس کیے۔ جیوسائنس آسٹریلیا زلزلہ پیمامرکز کیمطابق یہ 50 سالوں میں کوئنز لینڈ کے ساحل پر آنے والا سب سے بڑا زلزلہ ہے،اس سے قبل1988 میں ملک کا سب سے بڑا ریکارڈ شدہ زلزلہ شمالی علاقہ میں ٹینینٹ کریک پر آیا،جس کی شدت 6.6 ریکارڈ کی گئی تھی،اس زلزلے سے ایک بڑی گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی