i بین اقوامی

روس یوکرین جنگ بندی پیوٹن پر منحصر ہے، ہلاکتیں روکنے کیلئے مجھ سے جو ہوسکا کروں گا،صدر ٹرمپتازترین

August 08, 2025

امریکی صدرڈو نلڈٹرمپ نے کہا ہے کہ روس یوکرین جنگ بندی کا معاملہ روسی صدر پیوٹن پر منحصر ہے۔اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ روسی صدر پیوٹن مجھ سے ملنا چاہتے ہیں ، ان سے ملاقات کروں گا۔امریکی صدر نے کہا کہ روس یوکرین جنگ بندی کا معاملہ روسی صدر پیوٹن پر منحصر ہے۔ہلاکتیں روکنے کیلئے مجھ سے جو ہوسکا کروں گا۔دوسری جانب وائٹ ہائوس پریس سیکرٹری کے مطابق امریکی صدر روس اوریوکرینی صدور سے ملاقات کریں گے، ٹرمپ یوکرین روس جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔پریس سیکرٹری نے کہا کہ امریکی صدر کی ملاقاتوں کی تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گے۔خیال رہیکہ امریکی صدر ٹرمپ نے 8 اگست تک یوکرین امن معاہدہ نہ کرنے کی صورت میں روس پر نئی پابندیوں کی دھمکی دی ہوئی ہے۔دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معروف چپ بنانے والی کمپنی انٹیل کے سی ای او لیپ بو تان کو چینی کمپنیوں کے لئے جاسوسی کرنے کے الزام میں مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ انٹیل کے چیف ایگزیکٹو افسر انتہائی متضاد ہیں، انہیں فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے، اس مسئلے کا کوئی دوسرا حل نہیں ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ رائٹرز کی شائع تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق لیپ بوتان نے اپنی کمپنی والڈن انٹرنیشنل کے ذریعے چینی ہائی ٹیک اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی سے منسلک کمپنیوں کے ساتھ 20 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

ٹرمپ کے مطالبے کے بعد اب تک انٹیل کے سی ای او کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ انٹیل اور اس کے سی ای او امریکی دفاعی شعبے میں ایمانداری کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے دوسری مدتِ صدارت کے دوران ملنے والی اپنی پہلی تنخواہ وائٹ ہائوس ہسٹوریکل ایسوسی ایشن کو عطیہ کر دی ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ٹروتھ سوشل' پر جاری اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا، "مجھے فخر ہے کہ میں واحد صدر ہوں (ممکنہ طور پر جارج واشنگٹن کے علاوہ) جس نے اپنی تنخواہ عطیہ کی۔"انہوں نے مزید بتایا کہ یہ عطیہ اس وقت دیا گیا ہے جب 'پیپلز ہاس' یعنی وائٹ ہائوس میں بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش کی جا رہی ہے، اور ہم ایسی تبدیلیاں لا رہے ہیں جو اس کی ابتدائی تعمیر کے بعد شاذونادر ہی ہوئی ہوں گی۔یاد رہے کہ امریکی قانون کے تحت صدر کو سالانہ 4 لاکھ ڈالر تنخواہ دی جاتی ہے، جس کے ساتھ مختلف الانسز بھی شامل ہوتے ہیں، جن میں 50 ہزار ڈالر اخراجات، ایک لاکھ ڈالر سفری اخراجات، اور 19 ہزار ڈالر تفریحی مد میں شامل ہیں۔ٹرمپ نے اپنے پہلے دورِ صدارت میں بھی ہر سہ ماہی کی تنخواہ مختلف سرکاری اداروں کو عطیہ کی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی