i بین اقوامی

سعودیہ کی امداد لینے والے فلسطینیوں پر حملے کی مذمت، امریکا نے واقعے کو سنگین قرار دے دیاتازترین

March 01, 2024

سعودی عرب نے غزہ میں امداد حاصل کرنے والے معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فورسز کے حملے کی شدید مذمت کی جبکہ امریکا نے واقعے کو سنگین قرار دے دیا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے النابلسی شاہراہ پر بڑی تعداد میں فلسطینی شہری امدادی اشیا وصول کرنے کیلئے قطاروں میں کھڑے تھے کہ اچانک اسرائیلی فوج کی جانب سے ان پر حملہ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں 100سے زائد افراد شہید جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے، صیہونی فورسز نے لڑاکا ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ بھی کی۔سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی غزہ پٹی پر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت اور کسی بھی طرح سے کی جانے والی قانون کی خلاف ورزیوں کو مسترد کرتے ہیں، بین الاقوامی برادری اسرائیل کو عالمی انسانی قانون کا احترام کرنے کا پابند بنانے کیلئے واضح اور مضبوط موقف اختیار کرے۔سعودی عرب کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والوں کی فوری طبی امداد کیلئے انسانی بنیادوں پر راستوں کو کھولا جائے تاکہ ہنگامی بنیادوں پر طبی امدادی کاموں کا آغاز کیا جا سکے، مزید جانوں کے ضیاع کو روکنے کیلئے فوری طور پر جنگ بندی کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی