سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو نے لاکھوں دل جیت لیے ، جس میں تھائی لینڈ میں دو ہاتھیوں نے طوفانی بارش کے دوران کیئر ٹیکر کو اپنے حصار میں لے لیا۔ یہ ویڈیو تھائی لینڈ میں جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی معروف شخصیت لیک چائلرٹ نے انسٹاگرام پر شیئر کی۔ وہ سیو ایلیفینٹ فانڈیشن کی بانی ہیں اور برسوں سے مظلوم و زخمی ہاتھیوں کی مدد کر رہی ہیں۔ ویڈیو میں دو ہاتھی، چھابا اور تھونگ اے، طوفان کے دوران لیک چائلرٹ کے گرد کھڑے ہو کر انہیں بارش سے بچا رہے ہیں۔لیک چائلرٹ نے پوسٹ میں لکھا، جب میں نے رین کوٹ پہنا، تو چھابا نے نرمی سے مجھے سونڈ سے چھوا، جیسے کہہ رہا ہو: فکر نہ کرو، سب ٹھیک ہو جائے گا۔ پھر اس نے مجھے سونڈ سے پیار بھی کیا۔ یہ منظر تھائی لینڈ کے شمالی علاقے میں واقع ایلیفینٹ نیچر پارک میں وقوع پزیر ہوا، جہاں ایک سو سے زائد بچائے گئے ہاتھی محفوظ اور پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔سوشل میڈیا صارفین اس منظر کو محبت، ہمدردی اور خلوص کا بے مثال مظاہرہ قرار دے رہے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر انسان بھی جانوروں کے جذبات کو سمجھ سکیں، تو دنیا مزید خوبصورت بن سکتی ہے۔ لیک چائلرٹ نے مزید لکھا، ہاتھی بہت حساس اور جذباتی مخلوق ہیں۔ وہ صرف اپنے قبیلے ہی نہیں بلکہ ان لوگوں سے بھی محبت کرتے ہیں جن پر وہ بھروسہ کرتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی