i بین اقوامی

تھائی لینڈ' سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم تھاکسن شینرا وترا کو ایک سال قید کی سزا سنادیتازترین

September 10, 2025

تھائی لینڈ کی سپریم کورٹ نے منگل کو ملک کے سب سے طاقتور اور متنازع سیاستدان تھاکسن شیناواترا کو ایک سال قید کی سزا سناتے ہوئے قرار دیا کہ انہوں نے اپنی 2023 کی قید ہسپتال میں غیر قانونی طور پر گزاری۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھاکسن شیناواترا کا سیاسی خاندان گزشتہ دو دہائیوں سے تھائی لینڈ کی فوج نواز اور بادشاہت نواز اشرافیہ کا بڑا حریف رہا ہے، جو ان کی عوامی مقبولیت پر مبنی سیاست کو روایتی سماجی نظام کے لیے خطرہ سمجھتی ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ اس خاندان کے لیے سب سے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ ججوں نے 76 سالہ تھاکسن کو بنکاک ریمانڈ جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔تھاکسن 2001 اور 2005 میں وزیرِ اعظم منتخب ہوئے، مگر ان کی دوسری مدتِ حکومت فوجی بغاوت کے نتیجے میں ختم کر دی گئی

جس کے بعد وہ جلاوطنی اختیار کر گئے، اگست 2023 میں وطن واپسی پر انہیں بدعنوانی اور اختیارات کے غلط استعمال پر 8 سال قید کی سزا سنائی گئی۔تاہم انہوں نے ایک دن بھی جیل کی کوٹھڑی میں نہیں گزارا، انہیں فورا ایک نجی ہسپتال کے کمرے میں منتقل کر دیا گیا، پھر شاہی معافی کے ذریعے ان کی سزا کم کر کے ایک سال کر دی گئی اور بعد ازاں معمر قیدیوں کے لیے رعایتی اسکیم کے تحت رہا بھی کر دیا گیا۔ان کی واپسی اور ہسپتال منتقلی ایسے وقت میں ہوئی جب ان کی پارٹی فیو تھائی نے حکومت بنائی، جس سے پسِ پردہ سودے بازی اور خصوصی رعایت کے الزامات کو ہوا ملی۔سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزم کی سزا پر عمل درآمد غیر قانونی تھا، ججوں نے صحافیوں اور وکلا کی موجودگی میں یہ فیصلہ تھاکسن کو پڑھ کر سنایا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی