i بین اقوامی

تنازع کشمیر پر ہمارا موقف پہلے کی طرح واضح ، سندھ طاس معاہدہ بھی معطل رہے گا، بھارت کی ہٹ دھرمی برقرارتازترین

May 14, 2025

بھارت نے پھر ہٹ دھرمی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر دو طرفہ معاملہ ہے اور بھارت کی جموں کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جب کہ سندھ طاس بھی معاہدہ معطل رہے گا۔ ترجمان بھارتی وزارت خارجہ رندھیر جیسوال نے نیوز بریفنگ کے دوران دعوی کیا کہ پاکستان نے 10 مئی کو 2 مرتبہ بھارت سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔انہوں نے ٹرمپ کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 7 مئی کے حملے کے بعد 10مئی کی فوجی کارروائی اور جنگ بندی معاہدے پر پہنچنے تک امریکی حکام سے تجارت پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ جموں کشمیر سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر دو طرفہ معاملہ ہے، بھارت کی جموں کشمیر پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، اسے دو طرفہ طور پر ہی طے کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنازع کشمیر پر بھارت کا موقف پہلے کی طرح واضح ہے اور یہ مسئلہ مکمل طور پر دو طرفہ ہے، اسے صرف بھارت اور پاکستان کے درمیان ہی حل ہونا چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی