i پاکستان

اے این ایف کا کریک ڈائون، 6 ملزمان گرفتار،21 کروڑ 75لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات بر آمدتازترین

December 04, 2025

اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اورملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈا ئون جاری ہے، 5مختلف کاروائیوں کے دوران 6 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ کاروائیوں میں 21 کروڑ 75لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 200.4 کلوگرام منشیات برآمد ہوئیں۔ترجمان اے این ایف کے مطابق تعلیمی اداروں میں کارروائیوں کے دوران ڈسٹرکٹ اٹک میں کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جس میں گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا۔دیگر کاروائیوں میں موٹر وے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ٹرک سے 15.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ جی ٹی روڈ برہان ڑسٹرکٹ اٹک میں ریسٹورنٹ کے قریب گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد اور 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ حاجی شاہ روڈ اٹک میں موٹر سائیکل سوار ملزم سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی جبکہ ویسٹرن بائی پاس ہزار گنجی ڈسٹرکٹ کوئٹہ سے 180 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ کاروائیوں کا انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی